Aug ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدہ ناکام ہوا تو اصل شکست امریکہ کی ہوگی

ایران کے ادارہ جوہری توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا ہے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں اصل شکست امریکہ کی ہوگی۔

لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ٹوٹا تو اس کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پرعائد ہوگی کیونکہ آئی اے ای اے نے اپنی سات متواتر رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران  نے جامع ایٹمی معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے۔
ایران کے ادارہ جوہری توانائی کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ طور پر ایٹمی معاہدے سے نکل جانے کی صورت میں معاہدے پر عملدرآمد متاثر نہیں ہوگا کیونکہ یورپی یونین، چین، روس اور دنیا بھر کی حکومتوں نے اس معاہدے کی توثیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایٹمی معاہدے سے نکل جانے کی صورت میں تمام آپشن ایران کی میز پر ہوں گے اور تہران امریکی اقدامات کے مطابق اس کا جواب دے گا۔
ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے پر جنوری دو ہزار سولہ سے عملدرآمد شروع ہوا ہے تاہم امریکی حکومت مسلسل اس کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر دستخط کرنے والے پانچ جمع ایک گروپ کے رکن ممالک ہیں۔

ٹیگس