Aug ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • سیرا لیون میں لینڈ سلائیڈنگ پر ایران کا اظہارِافسوس

اسلامی جمہوریہ ایران نے مغربی افریقی ملک سیرا لیوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے سینکڑوں انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے آج منگل کے روز اپنے ایک بیان میں افریقی ملک سیرا لیون میں سیلابی بارشوں کے سبب مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا.

واضح رہے کہ افریقی ملک سیرالیون کے دارالحکومت فری ٹاؤن میں بارشوں کے سبب مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں.اب تک 205 لوگوں کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں.

حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ شہریوں کی تلاش کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریڈ کراس کے ترجمان پیٹرک مساکوئی کا کہنا ہے کہ اب تک طوفان کے باعث 312 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ ان کی ٹیم کا متاثرہ علاقوں کا سروے ابھی جاری ہے۔

تباہ کن طوفان کے باعث شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور سیکڑوں مکانات بہہ گئے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے علاقے ریجنٹ میں موجود پہاڑی کا ایک حصہ ٹوٹ گیا، جس سے طوفان سے ہونے والی تباہی میں اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ بارشوں کے موسم میں مغربی افریقی ممالک میں لینڈ سلائیڈنگ معمول کی بات ہے کیوں کہ ان علاقوں میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد کی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

 

ٹیگس