Aug ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۷:۰۸ Asia/Tehran
  • سفارتی میدان میں دینی اور انقلابی جذبے کے تحفظ پر رہبرانقلاب اسلامی کی تاکید

رہبرانقلاب اسلامی نے سفارتکاری کے میدان میں دینی اور انقلابی جذبے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ سفارتی مسائل میں ہمیں اپنے انقلاب پر فخر کرنا چاہئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کی نئی کابینہ کے ارکان اور اعلی حکومتی عہدیداروں نے ہفتہ حکومت کی مناسبت سے سنیچر کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی - رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں اپنے خطاب کے دوران سفارتکاری کے میدان میں دینی اور انقلابی جذبے کے تحفظ کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے فرمایا کہ سفارتی مسائل میں ہمیں اپنے انقلاب پر فخر کرنا چاہئے اور انقلاب کے نتیجے میں بننے والے اپنے قومی اصولوں منجملہ سامراج کے مقابلے میں ثابت قدمی، ظلم کی نفی اور تسلط پسندانہ نظام کی مخالفت جیسے اصولوں پر فخر اور عزت کا احساس کرنا چاہئے-

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ سفارتکاری کے میدان میں ہمیں صرف چند ملکوں تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ سفارتکاری کا دائرہ پوری دنیا تک پھیلانے کی ضرورت ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ سفارتکاری کے میدان میں پوری ہوشیاری، دقت عمل اور تیزرفتاری کے ساتھ عمل کرنا چاہئے اور خداوندعالم کے فضل و کرم سے جس طرح سے اب تک آپ آگے بڑھے ہیں آئندہ بھی دشمنوں کے مقابلے میں ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے -

رہبرانقلاب اسلامی نے شہید صدر محمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم محمد جواد باہنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نئی تشکیل شدہ حکومت کے عہدیداروں کو عوام کی معاشی مشکلات کو حل کرنے کے لئے بلاوقفہ اور جہادی پیمانے پر کام کرنے کی تاکید فرمائی - آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صدر مملکت اور ان کی کابینہ کے ارکان کوسفارش کی کہ عوام کی خلوص نیت کے ساتھ خدمت کریں- اور حکام کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے قرآن اور دعا سے انس پیدا کریں - آپ نے زوردے کر فرمایا کہ عوام کی مشکلات کو برطرف کرنا اور نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے-

ٹیگس