Mar ۰۱, ۲۰۲۶ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • امام خامنہ ای کی شہادت ہمارے عوام کو اپنے ہر دل عزیز رہبر کی نورانی راہ پر چلنے کے لیے مزید پرعزم کردے گی: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شہادت پر باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اس بیان کا متن:

بسم الله الرحمن الرحیم

ولاتحسبن الذین قتلوا فی سبیل الله امواتا بل احیاء عند ربهم یرزقون

عالم ربانی، اسلامی انقلاب کے شہیدوں کے سید و سالار، منتظروں کے سیدالشہدا اور ولیعصر امام زمانہ (عج) کے نائب برحق، امام خامنہ ای رضوان اللہ علیہ کی شہادت پر امام زمانہ ارواحنا فداہ، امت اسلام، مراجع و علمائے عظام اور ایران کی عظیم الشان عوام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

اللہ تعالی نے عظیم الشان مجاہد اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے پاک فرزند کی روح کو ان کے پیشوا امیرالمونین علی علیہ السلام کی مانند ماہ مبارک رمضان میں قبول اور شہادت کا درجہ عطا کیا۔

ہم نے ایسے عظیم الشان رہبر کو کھویا ہے اور ایسے رہنما کے سوگ میں بیٹھے ہیں جو طہارت روح، قوت ایمان، مختلف معاملات میں تدبیر سے کام لینے، دنیا کی منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں شجاعت اور جہاد فی سبیل اللہ میں اس دور میں بے مثال تھے۔

ظالم ترین دہشت گردوں اور انسانیت کے بدترین جلادوں کے ہاتھوں آپ کی شہادت، خود رہبر عظیم الشان انقلاب کی حقانیت اور ان کی پرخلوص خدمات کی قبولیت کی علامت ہے۔

اسلام اور ایران کی راہ میں شہادت کامیابی اور ہدف سے قریب ہونے کی علامت ہے لیکن امام خامنہ ای رضوان اللہ تعالی علیہ کی شہادت نہ صرف آپ کی بتائی گئی راہ اور آپ کی سیرت میں وقفے کا باعث نہیں ہے بلکہ  اس راہ پر مزید طاقت اور شکوہ کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا اور یہ شہادت ہمیں امام خامنہ ای کی نورانی راہ پر گامزن رہنے کے لئے مزید پرعزم کردے گی۔

جرائم پیشہ امریکہ اور خبیث صیہونی حکومت کی یہ مجرمانہ اور دہشت گردانہ حرکت، تمام دینی، اخلاقی، قانونی اور روائتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے لہذا ملت ایران امام امت کے قاتلوں کو سخت، قطعی، اور پشیمان کن سزا دینے کے لیے تیار ہے اور ان مجرموں کا گریباں ہرگز نہیں چھوڑے گی۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور عظیم الشان بسیج رضاکار فورس رہبر انقلاب کی قیمتی میراث کے دفاع کے لیے پوری طاقت کے ساتھ ان کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن رہیں گے اور اندرونی اور بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے نیز ایران کی اسلامی سرزمین پر جارحیت کرنے والوں کو سبق آموز سزا دیں گے۔

ایرانی عوام کو دعوت دی جاتی ہے کہ قومی دفاع کے تمام پلیٹ فارم پر پرجوش طریقے سے حاضر ہوں اور دنیا اور بالخصوص خبیث اور دہشت گرد دشمنوں کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کا جلوہ دکھا کر انہیں مایوس کریں۔

 

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس