Sep ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۸ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پڑوسی ملکوں کی مدد کر رہے ہیں، جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ ،سپاہ پاسداران کے کمانڈر اور وزیردفاع نے ہر طرح کے خطروں کا مقابلہ کرنے کے لئے مسلح افواج کی آمادگی پر تاکید کی ہے

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد حسین باقری نے کہا ہے کہ تہران دہشت گردی کے مقابلے میں پڑوسی ملکوں کی مدد کر رہا ہے۔ دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کےکمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد علی جعفری اور وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں پوری طرح ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد حسین باقری نے پیر کے روز تہران میں ایک فوجی تربیتی کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی تمام تر سازشوں اور عالمی سامراجی طاقتوں کی مکاریوں کے باوجود، ایران کی مسلح افواج، رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت اور عوام کی حمایت سے ملکی دفاع کا مشن کامیابی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پڑوسی ملکوں کی مدد  بھی کر رہی ہیں۔جنرل محمد حسین باقری نے کہا کہ فوجی تربیتی پروگرام کے انعقاد کا مقصد دشمن کے مکمنہ حملے کی صورت میں ملکی دفاع کے میدان میں مسلح افواج کی آمادگی کو برقرار رکھنا ہے۔دوسری جانب ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد علی جعفری اور وزیردفاع جنرل امیر حاتمی نے  اپنی ملاقات میں دشمن  کی سازشوں اور حیلوں کے مقابلے میں پوری طرح ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس موقع پرجنرل محمد علی جعفری کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب اور ایرانی قوم کے دشمن اپنی ناکامی کے باوجود ایران پر دباؤ اور پابندیوں کی اسٹریٹیجی پر عمل پیرا ہیں جس کا پوری دانشمندی اور ہوشیاری کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے ملک کے دفاعی اداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور تعاون نیز مسلح افواج کی ضرورتوں کی تکمیل نیز ملک کی دفاعی طاقت میں اضافے کو ضروری قرار دیا۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر اور ایران کے وزیردفاع دونوں نے ملک کی دفاعی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔دونوں عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مستقبل کے خطرات اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کی دفاعی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا مسلح افوج کی اسٹریٹیجی کا حصہ ہے اور اس کام کی رفتار میں روز بروز اضافہ کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے وزرات دفاع کےاعلی عہدیداروں کے ساتھ ملاقات میں ملک کی دفاعی طاقت اور حملہ کرنے کی توانائی میں اضافے کو اسلامی جمہوریہ ایران کا مسلمہ حق قرار دیا ہے۔

ٹیگس