روہنگیا مسلمانوں کے بارے میں ایران کے سفارتی رابطے
ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ظلم بند کرانے لیے سفارتی رابطے تیز کردیئے ہیں اور مختلف اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کو ٹیلی فون کرکے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
تہران میں وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ترکی، ملیشیا اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مذکور تینوں ملکوں کے وزارئے خارجہ کو روہنگیا مسلمانوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اس معاملے میں اسلامی دنیا کے درمیان ہم آہنگی کو ضروری قرار دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور مظالم کا سلسلہ رکوانے کے لیے اسلامی دنیا کو ہم آواز ہوکر فوری اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرانے کے لیے بین الاقوامی اداروں اور اسلامی ملکوں کے مشترکہ اقدامات میں ہر قسم کا تعاون کرنے لیے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے حالیہ پیغام حج میں بھی میانمار کے مسلمانوں کی حمایت پر زور دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ، میانمار کے ستم رسیدہ مسلمان اقلیت کا ٹھوس طریقے سے دفاع کیا جانا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس سے قبل، وحدت اسلامی کانفرنس کے شرکا سے خطاب میں میانمار سے لیکر نائیجریا تک مسلمانوں پر حملوں اور ان کے قتل عام کو سامراجی طاقتوں کی تفرقہ انگیز سازشوں کا نتیجہ قرار دیا تھا۔