ایران، جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم ہے
علی اکبر صالحی نے کہا کہ جوہری معاہدے سے ممکنہ امریکی علیحدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیارہیں اور یقینا اس بارے میں ہمارا رد عمل بہت شدید ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اور قومی جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے گزشتہ روز دورہ برطانیہ کے موقع پر ارنا کے نمائندے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پرعمل کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے ہم یورپی یونین سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ امریکی موقف کے مقابلے میں جوہری معاہدے کی حمایت جاری رکھے۔
قومی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکیوں کی جانب سے متعصابہ، غیراخلاقی اور دھمکی آمیز بیانات سے کوئی حیرت نہیں مگر ہم سمجھتے ہیں کہ ابھی دیکھنا ہوگا کہ امریکہ عملی طور پر کیا کرے گا۔
انہوں نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کا اہم ایجنڈہ جوہری معاہدے پر مبنی تھا جس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صالحی نے مزید کہا کہ ہماری نظر میں یورپی یونین بشمول برطانیہ جوہری معاہدے کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں اور ان کو امریکی موقف پر تشویش بھی ہے۔