امریکی اقدامات کے مقابلے میں علاقے کے ملکوں میں یکجہتی کی ضرورت پر تاکید
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے علاقائی امن و استحکام میں آرمینیا کے کردار کو مفید قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بحرانی حالات پیدا کئے جانے کے پیش نظر علاقے کے ملکوں میں یکجہتی بہت زیادہ مفید و موثر واقع ہو گی۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے روس کے شہر سینٹ پٹرز برگ میں آرمینیا کے اپنے ہم منصب آرا بابلوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایٹمی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اگرچہ اس معاہدے میں شامل دیگر ممالک امریکی اقدامات کے خلاف ہیں تاہم امریکی رویہ پوری دنیا کے لیے مسئلہ بن جائے گا۔
انھوں نے ایران اور آرمینیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کیا اور دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں آرمینیا کے اسپیکر نے بھی علاقائی امن و استحکام میں ایران کے کردار کو تقدیرساز قرار دیا اور کہا کہ ایران کے سلسلے میں ان کے ملک کی پالیسیاں ہمیشہ پائیدار رہی ہیں اور آرمینیا نے ہمیشہ ایران کی حمایت کی ہے۔