Oct ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • امریکا کے اتحادی بھی ایٹمی معاہدے اور ایران کے ساتھ ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکا کے دیرینہ اتحادی اور دنیا کے دیگر ممالک ایٹمی معاہدے کے معاملے میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی صدر کے ایران مخالف بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے ممالک حتی امریکا کے دیرینہ اتحادی بھی کھل کر ایران اور ایٹمی معاہدے کی حمایت میں کھڑے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے اجلاس میں ایران کے بارے میں امریکی حکومت اور صیہونی لابی کے پروپیگنڈوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے پاس اپنی تقریر میں بے بنیاد الزامات اور گھسے پٹے دعوؤں کی تکرار کے علاوہ کہنے کے لئے کچھ بھی نہیں تھا۔
انہوں نے کہاکہ ایرانی عوام کے اتحاد اور ایٹمی معاہدے نیز ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے بارے میں عالمی برادری کے اعلان اور حمایت نے امریکی حکمرانوں کو پسپائی اختیار کرنے اور اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کردیا۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے آغاز سے اب تک ایران سے امریکا کی دشمنی اور مخالفت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدور کی طرف سے ایرانی عوام کے بارے میں اس طرح کے غلط اور گھٹیا بیانات کی اب تک مثال نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود امریکا کے اندر حکمرانوں اور سیاستدانوں میں اختلاف پایا جاتا ہے اور واشنگٹن علاقے اور عالمی سطح پر ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے پریشان ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی صدور کی جانب سے وعدہ خلافیوں کو بھی غیر معمولی قراردیا اور کہا کہ خود امریکا کے اندر قومی معاہدوں منجملہ اوباما کیئر کو منسوخ کرنا اور پیرس سمجھوتے جیسے بین الاقوامی معاہدوں اور یونیسکو سے علیحدگی نے امریکا کی موجودہ حکومت کو عالمی سطح پر الگ تھلگ اور غیر معتبر بنادیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے
حکومت اور اسلامی نظام کے لئے ایرانی عوام کی حمایت و وفاداری اور اعتماد کو دشمنوں کے مقابلے میں استقامت و پامردی کا سب سے بڑا سرمایہ بتایا اور کہا کہ ٹرمپ کا حالیہ بیان ایرانی عوام کی آگاہی اور استقامت سے بے اثر ہوگیا۔

ٹیگس