Oct ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • خطے میں بیرونی افواج کی موجودگی کی مخالفت

ایرانی بحریہ کے سربراہ نے علاقائی ملکوں کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی قائم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے ایران ٹی وی کے چینل ایک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج اور پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری شعبے، خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں امن و استحکام قائم کرنے پر قادر ہیں اور قیام امن کے بہانے  اس خطے میں بیرونی افواج کے آنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

 ایرانی بحریہ کے سربراہ نے اس خطے میں بیرونی افواج کی موجودگی کو بدامنی کا باعث قرار دیا۔ انھوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران  خلیج عدن اور باب المندب میں بھی امن قائم کر رہا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ امریکی، خلیج عدن میں اپنے کنٹرول کے تحت بدامنی اور اپنے ناجائز مفادات کی فکر میں ہیں۔ ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ امریکی یہ سمجھتے ہیں کہ اس علاقے میں بدامنی سے ان کی افواج کی موجودگی کے لئے حالات سازگار ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ امریکی حکام، باب المندب کو اپنے کنٹرول میں لے کے یہاں تکفیری دہشت گرد گروہوں کو لانا چاہتے ہیں۔ ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ، بحری اور دفاعی ڈپلومیسی پر عمل پیرا ہے۔

انھوں  نے کہا کہ ایرانی بحریہ زمانہ جنگ میں ملک کے دفاع پر قادر ہونے کے ساتھ ہی، ایسے وقت میں جب جنگ نہ ہو، سمندروں میں امن و سلامتی قائم کر کے، ایرانی اقتصاد و معیشت کا بھی دفاع کر سکتی ہے۔  

ٹیگس