ایٹمی بجلی گھر کے دوسرے ری ایکٹر کی تعمیر کا کام شروع
بوشہر کے ایٹمی بجلی گھر کے نئے فیز کے ایٹمی ری ایکٹر کی تعمیر کی غرض سے ابتدائی تعمیراتی کام شروع ہو گیا ہے۔
اس موقع پر ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی اور روسی کمپنی روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لخاچیف بھی موجود تھے۔
بوشہر کے ایٹمی بجلی گھر کے دوسرے اور تیسرے فیز کی تعمیر کے منصوبے پر تحقیقاتی کام دس ستمبر دو ہزار سولہ کو شروع ہوا تھا اور جگہ کے تعین اور لازمی ارضیاتی جائزوں کے بعد ری ایکٹر کی تعمیر کے لیے کھدائی کا کام شروع کر دیا گیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ روس ایٹم کمپنی کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں ری ایکٹر کی تعمیر کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا۔
علی اکبر صالحی نے کہا کہ بوشہر کے ایٹمی بجلی گھر میں دو نئے فیز تعمیر کیے جائیں جن میں سے ایک فیز ایک ہزار ستاون میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔
انہوں نے روسی صدر کے مجوزہ دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر بوشہر کے ایٹمی بجلی گھر کے نئے فیز کی تعمیر کے بارے میں ایک رپورٹ بھی صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کو پیش کی جائے گی۔
روسی کمپنی روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لخاچیف نے اس موقع کہا کہ ایران روس ایٹمی تعاون کا مستقبل پوری طرح تابناک ہے۔