آئی آر آئی بی کے ڈائریکٹرجنرل کی سحر اردو سے گفتگو
آئی آر آئی بی کے ڈائریکٹرجنرل نے سحر اردو کے نمائندے سے کربلا میں خصوصی گفتگو کی جو پیش خدمت ہے۔
بسم الله الرحمن الرحیم
اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو، ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹرجنرل عبدالعلی علی عسگری نے جو اربعین حسینی میں شرکت کیلئے کربلا گئے تھے کل رات کربلائے معلی میں ہمارے نمائندے حسام الدین مہاجری کے ساتھ گفتگو کی۔
اپنی اس گفتگو میں عبدالعلی علی عسگری نےمسلمانوں خاص طور سے برصغیر کے مسلمانوں کے مابین اتحاد وحدت کی برقراری پرتاکید کی اورکہا کہ ہمیں چاہئیے کہ ہم مسلمانوں کے مابین اتحاد وحدت کی برقراری اور امن و صلح کیلئے قدم اٹھائیں۔
آئی آر آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان شریف النفس اورمنکسرالمزاج اور ائمہ اطہار (ع) سے خاص عقیدت و عشق رکھنے والے مومن ہیں۔ اور مجھے انقلابی اور اہلبیت اطہار ع کے چاہنے والے عوام سے خاص قلبی لگاؤ اور محبت ہے۔
عبدالعلی علی عسگری کا کہنا تھا کہ اس سال اربعین مارچ میں میں نے پاکستان،ہندوستان اوربنگلہ دیش کے مسلمانوں کو قریب سےدیکھا جو بڑی تعداد میں خلوص اور اخلاص کے ساتھ عزاداری سیدالشہداء کررہے تھے اور بہت سے زائرین ایران کی سرحد سے کربلا پہنچے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو،ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹرجنرل نے اس موقع پر کہا کہ مذھبی مقامات خدا سے لو لگانے،راز ونیاز کرنے، معنوی درجات کو بلند کرنے اور ائمہ اطہارعلیھم السلام کے ذریعے خدا سے توسل کرنے کی بہترین ،مقدس ترین اور بافضیلت جگہیں ہیں۔ مجھے پوری امید ہے کہ پاکستان اور ہندوستان سے آنے والے زائرین کربلائے معلی اور مشہد مقدس کے روحانی سفر کی برکات اپنے ساتھ سمیٹ کر لے جائیں گے اور خطے کے مسلمانوں کے درمیان دوستی، محبت اور اخوت کے رشتوں کو فروغ دینے کا باعث بنیں گے۔
آئی آر آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے سحراردو ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چہلم کے موقع پر کربلائے معلی سے براہ راست پروگرام نشر کرنے پر اردو ٹی وی کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام دیکھنے والوں سے اپیل کی وہ اس چینل کے پروگراموں کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ناظرین اور سامعین کیلئے بہترین پروگرام نشراور پیش کریں اس لئے تمام ناظرین اورسامعین سے گزارش کرتا ہوں کہ پروگراموں سے متعلق اپنی آراء اور تجاویز سے ہماری ویب سایٹ ، سوشل میڈیا ، ایمیل اور ٹیلی فون جیسے مختلف ذراۂع سے رابطہ کر کرے ہمیں ضرورآگاہ کریں۔
عبدالعلی علی عسگری نے کہا کہ میں حضرت امام حسین(ع) حضرت ابوالفضل العباس علمدار کربلا اور دوسرے شہدائے کربلا کی خدمت میں برصغیر کے مسلمانوں کا سلام پیش کرتا ہوں اور میری دعا ہے کہ خدا آپ تمام کو زیارت حضرت امام حسین (ع) اور مشہد مقدس میں زیارت حضرت امام رضا (ع) نصیب کرے۔