Nov ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران میں زلزلہ 328 افراد جاں بحق

ایران میں کل رات آنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی اوراب تک 328 افراد جاں بحق ہوئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے مغربی علاقوں خاص طور سے کرمانشاہ میں کل رات آنے والے زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات ہوئے اور اب تک328 افراد جاں بحق اور  3950زحمی ہوئے ہیں زلزلے کی شدت کے پیش نظر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

شدید زلزلے کے بعدآفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک 118 آفٹرشاکس ریکارڈ کئے گئے۔

کرمانشاہ کے گورنر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو اطراف کے شہروں میں منتقل کیا گیا ہے۔ کرمانشاہ میں بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ زلزلے کی وجہ سے لوگوں نے رات گھروں سے باہر گزاری۔ کرمانشاہ کے گورنر نے صوبے میں 3 روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

در ایں اثنا ایران کے وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ صدرمملکت کے حکم کے مطابق فوری طور پر زلزلہ زدہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور درجنوں ہیلی کاپٹر امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

 واضح رہے کہ کل رات ایران کے ایران کے مغربی علاقوں خاص طور سے کرمانشاہ اور کردستان میں رکٹر اسکیل پر 7.3 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ زلزلے کے جھٹکے عراق میں بھی محسوس کئے گئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں اقوام متحدہ کے نمائندے گری لوئیس نے آج اپنے ٹویٹ میں ایران کے مغربی علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ زدگان کی ہر ممکن امداد کیلئے اقوام متحدہ کی آمادگی کا اعلان کیا۔

 

ٹیگس