ایران کے خلاف امریکی فیصلے قانونی حیثیت سے عاری ہیں
ایران کے وزیر خارجہ نے تہران کے خلاف امریکی عدالتوں کے فیصلوں کو قانونی حثیت سے عاری قرار دے دیا ہے۔
بدھ کے روز پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکی عدالت کی جانب سے ایران کے خلاف جاری ہونے والے فیصلوں کی کوئی قانونی حثیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایران کی کامیابی ہے کہ سوائے کینیڈا کے کوئی بھی ملک امریکی عدالتوں کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کر رہاہے ۔
محمد جواد ظریف نے امریکا کی جانب سے انیس سو چوراسی میں ایران کا نام دہشت گردی کے حامی ملکوں کی فہرست میں شامل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا امریکہ نے اسی سال عراق کی بعثی حکومت کا نام اس فہرست سے نکال کر ایران کا نام شامل کیا تھا جو اس اقدام کے سیاسی محرکات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں اب تک ایران کے ساٹھ ارب ڈالر کے اثاثے روکنے کا حکم دیا گیا ہے جس کے جواب میں ایران نے امریکہ کے تقریبا اتنے ہی اثاثے روکنے کا حکم دیا ہے۔