امریکہ نے یمن میں سعودی جرائم میں مشارکت کا اعتراف کر لیا
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے وائٹ ہاوس کے حالیہ بیان کو یمن میں سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات میں امریکہ کی مشارکت کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاوس نے جمعے کی رات یمن پر جارحیت اور محاصرے کے حوالے سے سعودی عرب کے خلاف عالمی تنقیدوں میں اضافے کے بعد ایران کو یمن میں جاری انسانی بحران کا ذمہ دار قرار دینے کی ناکام کوشش کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکہ خود کو سعودی عرب کی مکمل حمایت کا پابند سمجھتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے تہران کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا والوں اور عالمی فورموں پر یمنی عوام کی صدائے مظلومیت کو بلند کرتا رہے گا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ ، یمن میں سعودی عرب کے گھناؤنے اور وحشیانہ جرائم سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کے لیے ایران کے خلاف الزام تراشی کے فرسودہ اور ناکارہ حربے استعمال کر رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت، سعودی عرب سے یمن پر بمباری روکنے اور بے گناہوں کا قتل بند کرنے کا مطالبہ کرنے کے بجائے، نہایت ہی بے شرمی کے ساتھ سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات کی حمایت کر رہی ہے۔