Dec ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے مابین باہمی تعاون پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی اور پاکستان کی پارلیمنٹ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ماسکو میں ہونے والی ملاقات میں اہم موضوعات من جملہ علاقائی اور باہمی تعاون پر گفتگو کی۔

ماسکو میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی انسداد منشیات کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ایرانی اسپیکرعلی لاریجانی اور ان کے پاکستانی ہم منصب سردار ایاز صادق نے باہمی دلچسپی کے امور، سیکورٹی امور بشمول انسداد دہشتگردی اور منشیات جو کہ دو عالمی چیلنجز ہیں، کے حوالے سے مشترکہ تعاون کی توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ علی لاریجانی اور سردار ایاز صادق نے اس کے علاوہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون اور مشاورت کا سلسلہ مزید بڑھانے پر زور دیا۔

ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر علی لاریجانی نے اس موقع پر کہا کہ انسداد منشیات کے لئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لئے دنیا کے ممالک کی پارلیمنٹ کے درمیان بھی مشاورت اور مشترکہ تجربات کے تبادلے کی ضرورت ہے.

دوسری جانب علی لاریجانی نے گزشتہ روز روس میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی انسداد منشیات کانفرنس میں شرکت کے لئے ماسکو پہنچنے پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس انسداد منشیات کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تعاون کررہے ہیںلاریجانی نے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی تعاون کی توسیع پر بھی زور دیا.

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دورہ ماسکو کا مقصد عالمی انسداد منشیات کانفرنس میں شرکت اور دنیا کے ممالک کی پارلیمنٹ کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کو اُجاگر کرنا ہے۔ انہوں کا کہنا تھا کہ بعض ممالک انسداد دہشتگردی اور منشیات کی روک تھام کے بہانے میں افغانستان آئے مگر ان کی موجودگی کی وجہ سے منشیات کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ ماسکو میں آج بروز پیر سے عالمی انسداد منشیات کانفرنس شروع ہونے جارہی ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان سمیت دنیا کے 40 ممالک کے اسپیکر شریک ہوں گے۔

ٹیگس