ایرانی عوام کے دشمن عوامی حمایت کے دعویدار بن گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ ایران کے دشمن خاص طور سے انہوں نے جن کا اپنے ملک میں کوئی مقام و حیثیت نہیں ہے حالیہ دنوں میں ایرانی عوام کے حقوق کی حمایت کے بے بنیاد دعوے کئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے آج تہران میں صوبوں کی اعلی کونسل کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مختلف شہروں میں بعض عناصر کی جانب سے کشیدگی پھیلانے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور علاقے کے بعض رجعت پسند ممالک اور صیہونی حکومت کی حمایت کرنے والوں کی جانب سے ایران میں کشیدگی پر خوشی کا اظہار بذات خود ایران میں رونما ہونے والے واقعات کی وجہ ہے۔
ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمنوں نے ابھی تک ایران کی قوم کو نہیں پہچانا اور یقینی طور پر ایرانی عوام کے مطالبات کا تدبر سے جواب دیا جائے گا ۔
عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا کہ جن لوگوں نے عوام کے مال و املاک کو نقصان پہنچایا اور قانون کو ہاتھ میں لیا ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز میں ایران کے بعض شہروں میں مہنگائی کے خلاف اور حکومت کی جانب سے صحیح نظارت نہ کرنے کے خلاف مظاہرے ہوئے تاہم اس قسم کے بعض مظاہروں میں منصوبہ بند سازش کےتحت کشیدگی پھیلانے والے عناصر شامل ہو گئے اور انہوں نے بینکوں، سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور امریکہ اور اغیار سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے ایسے افراد کی حمایت کی اور کوشش کی کہ اس قسم کی کارروائیوں کو ملک میں ناامنی کی شکل میں بدل دیں۔