امریکا اور اغیار کے ذرائع ابلاغ کی شیطنت اور موقع پرستی
امریکی حکام، انقلاب کے مخالفین اور غیار کے ذرائع ابلاغ نے ایران میں مہنگائی اور بعض اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کچھ لوگوں کے احتجاجی اجتماع سے غلط فائدہ اٹھا کر کو شش کی کہ ان اجتماعات کو بدامنی اور آشوب میں تبدیل کر دیں۔
گذشتہ دو روز کے دوران ایران کے چند شہروں میں کچھ لوگوں نے اجتماعات منعقد کرکے بعض اشیا کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی، مالیاتی اداروں میں پیسوں کے ڈوب جانے اور حکومت کی کمزور نگرانی کے خلاف احتجاج کیا۔ اس درمیان بعض شر پسند عناصر نے ان اجتماعات سے غلط فائدہ اٹھاکر کچھ سرکاری عمارتوں، بینکوں اور پبلیک مقامات پر حملے کئے اور توڑ پھوڑکی۔
عوام کے اصلی مطالبات کا رخ موڑ دینے کی موقع پرست شرپسند عناصر کی کوششوں کا امریکی حکام اور انقلاب دشمن گروہ کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ دیگر دشمن ذرائع منجملہ سعودی عرب کے زیراثر چینلوں نے خوب ساتھ دیا اور انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔
امریکی حکومت نے شرپسندوں اور بدامنی پھیلانے والوں کی حمایت کرتے ہوئے دیگر ملکوں سے بھی کہا کہ وہ ان عناصر کی حمایت کریں۔ امریکی مغربی اور سعودی ذرائع ابلاغ نے بھی ایران کے بعض شہروں میں اجتماعات کو سیاسی اجتماعات بنانے کی اپنی کوششیں تیز کردی تھیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرداخلہ نے اغیار اور دشمنوں کی ان کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ایران کے دشمنوں نے خاص طور پر ان عناصر نے جن کی ایران میں کوئی جگہ نہیں ہے پچھلے چند روز کے دوران ایرانی عوام کے حقوق کی حمایت کا جھوٹانعرہ لگایا۔
ایران کے وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے تہران میں صوبائی کونسلوں کے پانچویں اجلاس سے خطاب کے دوران بعض شہروں میں موقع پرستوں اور شرپسند عناصر کے اقدامات کے ردعمل میں کہا کہ بدامنی پھیلانے والوں کے لئے غاصب صیہونی حکومت، امریکا اور علاقے کی بعض رجعت پسند عرب حکومتوں کی حمایت اور ان کی خوشحالی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ حالیہ بدامنی کے واقعات کے پیچھے کن قوتوں کے ہاتھ ہیں۔
وزیرداخلہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کسی بھی صورت میں معاشرے میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی کہا کہ دشمنوں نے ایرانی عوام کو نشانہ بنایا ہے تاہم یقینی طور پر صبر و تحمل، تدبیر اور عوامی مطالبات کو پورا کرکے سبھی معاملات حل کرلئے جائیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملک کے داخلی امور میں امریکی حکام کے مداخلت پسندانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام امریکی حکام کے موقع پرستانہ اور ریاکارانہ نعروں کو اہمیت نہیں دیتے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ایرانی عوام فلسطینی قوم ، بحرینی اور یمنی عوام کے حقوق کی پامالی اور امریکا میں ایرانی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے تعلق سے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات کو کبھی بھی نہیں بھول سکتے اور ایرانی عوام کو یہ بات ہمیشہ یاد رہے گی کہ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ کس طرح سے امریکا میں مقیم ایرانی شہریوں کوجیلوں میں ڈال رکھا ہے۔