Jan ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  •  ٹرمپ  ایرانی عوام کے خیر خواہ نہیں: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جو چند ماہ قبل تک ایرانی قوم کو دہشت گرد قرار دے رہے تھے، ایرانی عوام کی دلجوئی کرنے کا حق نہیں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کل کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں ایران کے بعض شہروں میں ہونے والے احتجاج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ایرانی عوام،  آئین اور قانون کی رو سے بیان دینے اور تنقید کرنے حتی احتجاج کرنے میں آزاد ہیں۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ قوم  قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج اور تنقید کر سکتی ہے۔

حتی حکام  کو چاہئیے کہ عوام کے پرامن احتجاج کرنے کے لئے سہولیات فراہم کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایسے حالات نہ بنائے جائیں جن سے  اسلامی انقلاب کے چاہنے والوں اور عوام کی زندگی اور امنیت کوتشویش لاحق ہو۔

صدر مملکت نے دشمنوں کی ایران مخالف سازشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا  کہ ایرانی عوام ہمیشہ ملک، خطے اور دنیا کے حساس حالات سے اچھی طرح واقف اور اپنی قومی مفادات پر فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ حالیہ دنوں میں بعض عرب ممالک ہمارے ملک کی نازک صورتحال پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، کہا کہ ایران میں قومی سلامتی، بھائی چارہ، یکجہتی اور امن و امان علاقے کے لئے اہم ترین سرمایہ ہے۔

ایران کے صدر نے کہا کہ  ان گروہوں کو جو نجی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں اور معاشرے کے امن و سکون کو بر باد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 دنوں میں ایران کے بعض شہروں میں مہنگائی ، اشیاء اور مصنوعات پر حکومت کی نگرانی کے ضعیف و کمزور ہونے پر مظاہرے ہوئے تاہم کچھ شر پسند عناصر نے اس سے فائدہ اٹھا کر حالات کو خراب کرنے کی نا کام کوشش کی ۔

امریکی حکام اور مغربی ذرائع ابلاغ نے عوامی احتجاج سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے احتجاج کو کشیدگی میں بدلنے کی کوشش کی ۔

ٹیگس