امریکی حکومت مسلسل غلطیاں کر رہی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی حکومت ایرانی عوام کے مقابلے میں مسلسل غلطیوں کی تکرار کر رہی ہے اور شکست کھا رہی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو ایران کے وزیرخزانہ اور ان کی وزارت کے دیگر اعلی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے ایک بار پھر ایرانی عوام کے مقابلے میں اپنی غلطیوں کی تکرار کی-
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایرانی عوام کے سلسلے میں جس غلط راستے کا انتخاب کیا ہے اس میں ہمیشہ اس کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے اور پچھلے دنوں سلامتی کونسل میں بھی امریکا کی عزت خاک میں ملی ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقے اور دنیا میں ایران کی موثر پوزیشن اور ایران میں بدامنی پھیلانے کے تعلق سے دشمنوں کے مقاصد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو انتہائی کٹّر دشمنوں کا سامنا ہے اور آج علاقے میں کچھ ممالک، صیہونی حکومت اور امریکا کے ساتھ مل کر ایران سے دشمنی پر اتر آئے ہیں-
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے امریکیوں کو اپنے ملک سے نکال باہر کیا ہے اسی لئے واشنگٹن آج ایرانی عوام کا دشمن ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا سلامتی کونسل میں اپنی مستقل رکنیت سے غلط فائدہ اٹھا کر ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہے لیکن دنیا کے ممالک امریکا کے مقابلے میں ڈٹ گئے ہیں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عوام کے اقتصادی مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سبھی ملکوں میں عوامی مطالبات اور اجتماعات سے غلط فائدہ اٹھایا جاتا ہے لیکن ایران کے باشعور اور بیدار عوام نے پوری ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے، اس راستے کو عبور کر لیا کہ جس پر بعض عناصر ایران کو لانا چاہتے تھے-