Oct ۰۹, ۲۰۲۵ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران فلسطینیی عوام  کے بنیادی حقوق کے حصول کے ضامن ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے: وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ہر اس اقدام کی حمایت کا اعلان کیا ہے جو غزہ میں نسل کشی کی جنگ کے خاتمے، قابض فوجیوں کے انخلا، انسان دوستانہ امداد پہنچنے، فلسطینی قیدیوں کی قید سے رہائی اور فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی بازیابی کا ضامن ہو۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے بارے میں اپنے 6 اکتوبر 2025 کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران غزہ میں نسل کے خاتمے، انسان دوستانہ امداد رسانی، فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور فلسطینیی عوام  کے بنیادی حقوق کے حصول کے ضامن ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی قوم کی قانونی مقاومت کے حامی کی حیثیت سے گزشتہ دوبرس کے دوران، علاقائی سطح پر اور اسی طرح او آئی سی اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے نسل کشی بند کرنے اور غزہ سے نکلنے کے لئے صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے اپنی بھر پور سفارتی توانائیوں سے کام لیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مقاومتی محاذ کے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، صیہونی حکومت کی جانب سے عہد شکنی کی روک تھام کے تعلق سے عالمی برادری کی ذمہ داری پر زور دیا ہے اور سبھی فریقوں سے  کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی فریبکاری اور بد عہدی کی جانب سے پوری طرح ہوشیار رہیں ۔  

ایران کے وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی بند ہوجانے سے  انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی اور جنگی جرائم کے مرتکبین اور ان جرائم کا حکم دینے والوں کا پتہ لگا کر اور ان پر مقدمہ چلاکر عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور کئی عشروں سے صیہونی حکومت کو کوئی سزا نہ ملنے کا سلسلہ ختم کرنے کے تعلق سے بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں کی ذمہ داری ختم نہیں ہوجاتی ۔   

ٹیگس