Oct ۰۹, ۲۰۲۵ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
  • اسپین کی پارلیمنٹ نے غاصب اسرائیل پر ہتھیاروں کی مکمل پابندی کو منظوری دے دی

اطلاعات کے مطابق ہسپانوی پارلیمنٹ نے غاصب اسرائیل پر ہتھیاروں کی مکمل پابندی کے بِل کو منظوری دے دی ہے۔ یہ بِل غزہ میں نسل کشی کے جواب میں نافذ کی جانے والی پابندیوں کا حصہ ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی پارلیمنٹ میں پاس ہونے والا یہ بل اسرائیل کو تمام دفاعی اور جنگی استعمال والی ٹیکنالوجی کی درآمد و برآمد پر پابندی عائد کرتا ہے اور وہ بحری جہاز اور ہوائی جہاز جو فوجی استعمال کے ممکنہ ایندھن یا مواد سے لدے ہوں، ان کے اسپین کی بندرگاہوں اور فضائی حدود میں داخلے پر بھی پابندی عائد کرتا ہے۔

یہ بِل اس وقت پاس ہوا جب انتہائی بائیں بازو کی جماعت پوڈیموس نے دیگر بائیں بازو اور علاقائی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس بِل کی حمایت کی۔ پوڈیموس کی لیڈرآئونی بیلاڑا نے، جنہوں نے آخری گھنٹوں تک اپنی جماعت کی پوزیشن واضح نہیں کی تھی، کہا کہ حکومت کو موجودہ معاہدوں کو منسوخ اور اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرکے مزید سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ پابندی ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت کی جانب سے ستمبر میں نافذ کئے گئے پابندیوں کے پیکیج کا حصہ ہے، جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی بستیوں سے تیار ہونے والی مصنوعات کی درآمد پر پابندی اور فلسطین کے لئے انسان دوستانہ امداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔

 

ٹیگس