مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی پہلی برسی
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سابق سربراہ مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے اعلی حکام نے انہیں جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی آرزو ایران کی عزت و سربلندی تھی-
انہوں نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی اسلامی جمہوریہ ایران سے عشق کرتے تھے اور ان کی دلی خواہش حقیقی اسلام کی تبلیغ اور ایران کی سربلندی تھی-
اس مناسبت سے تہران میں منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے بھی مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کو خراج عقیدت پیش کیا- انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اگر ایٹمی معاہدے سے نکلتا ہے تو یقینی طور پر خود واشنگٹن کو ہی نقصان ہو گا-
نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا کہ امریکیوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ ایٹمی معاہدے سے واشنگٹن کے نکل جانے سے ایرانیوں کو کوئی افسوس نہیں ہو گا- نائب صدر اسحاق جہانگیری نے مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی عمر کے آخری لمحات تک اسلامی انقلاب کا دفاع کیا-
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے حامی و وفادار مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کا، ایک سال قبل آج ہی کے دن دل کا عارضہ لاحق ہو جانے سے بیاسی سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔