ایران و روس کی خطے میں امن کے لئے باہمی تعاون پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شام میں سلامتی کے مکمل قیام اور خطے میں پائیدار استحکام تک ایران اور روس کے درمیان قریبی تعاون جاری رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے پیر کے روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے روسی ڈوما کے اسپیکر ویاچیلا ولودین کے ساتھ ملاقات میں ایران، روس اور بعض علاقائی ممالک کے درمیان سہ فریقی باہمی اتحاد کو خطے کی اقوام کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام میں قیام امن کے لئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات علاقے کی سلامتی کے لئے اہمیت کے حامل ہیں اور اس قسم کے تعلقات علاقائی ممالک کے اقوام کے مفادات کے دائرے میں ہیں۔
انہوں نےمغربی ممالک کی جانب سے روس کے خلاف ہونے والی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاایران بھی علاقے میں اس قسم کی صورتحال سے دوچار ہے اس لئے اس کے سد باب کے لئے عالمی امور میں ایران اور روس کے درمیان قریبی تعلقات ضروری ہیں۔
روسی پارلیمنٹ کے اسپیکر ولودین نے ایران اور روس کے صدور کے درمیان قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روسی پارلیمنٹ ایران اور روس کے صدور کے فیصلوں اور ہونے والے سمجھوتوں کی حمایت کرتی ہے۔