امریکہ نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی : ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ جوہری معاہدے کی شق نمبر 36 کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے لہذا اس کے خلاف مشترکہ کمیشن سے باضابطہ احتجاج کیا جائے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ روز نیو یارک میں بیلجئیم کے وزیر خارجہ ڈیڈیر رینڈزر Didier Reyndersکے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ ایران نے گزشتہ دو سالوں میں 11 مرتبہ جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن سے احتجاج کیا اور یورپی یونین کی چیف خارجہ پالیسی کو بھی مراسلے لکھے اور اس بارامریکہ کی جانب سے شق نمبر 36 کی خلاف ورزی کا مزید باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور مشترکہ کمیشن سے بھی موثر انداز میں احتجاج کیا جائے گا۔
ظریف نے یورپی فریقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں معلوم ہونا چاہئے کہ ایران کا جوہری معاہدے میں شامل رہنا ناگزیر ہے. کیونکہ ایران نے اب تک اپنے تمام وعدوں کی پاسداری کی ہے جبکہ دوسری جانب امریکہ نے پاسداری نہیں کی لہذا یورپ کو چاہئے کہ وہ امریکہ پر دباو ڈالے تاکہ امریکہ اپنے وعدوں پر عمل کرے۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ پائیدار امن کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے 19 اپریل کو نیویارک گئے۔
پائیدار امن سے متعلق اجلاس آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہوگا جو کل تک جاری رہے گا۔