Apr ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو خراب کرنے کی سازش

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے پاک - ایران سرحد کی سیکورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے سیکورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کے ساتھ روس کے شہر سوچی میں منعقد ہونے والی نویں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات میں ایران اور پاکستان کی سرحدی سیکورٹی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے سیکورٹی اداروں اور حکام کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ بعض علاقائی ممالک کے جاسوسی ادارے پاک - ایران سرحد کی سلامتی کو متاثر کرنے کے لئے دہشت گرد عناصر کی حمایت کرتے ہیں مگر ایران اور پاکستان کو مل کر ان سازشوں کا ناکام بنانا ہوگا۔ اعلی ایرانی عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دوسروں کو یہ اجازت نہیں دینی چاہئے کہ وہ ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو خراب کریں۔

ایڈمیرل علی شمخانی نے فلسطین کے خلاف امریکہ کے غیرقانونی اقدامات بالخصوص بیت المقدس کو صیہونی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اشتعال انگیز فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کو ایسے مذموم عزائم سے نمٹنے کے لئے فعال کردار ادا کرنا چاہئے جس کا مقصد امت مسلمہ بالخصوص فلسطینی عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع کرنا ہے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاکستان کے خلاف امریکہ کے حالیہ سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کسی بھی قیمت میں غیرملی دباو کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے اور نہ ہی ہم اپنے مفادات اور سیاسی خودمختاری پر سمجھوتہ کریں گے۔

ٹیگس