لبنانی عوام کا امریکہ اور اسرائیل کو کرارا جواب
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے لبنان کے پارلیمانی انتخابات میں حزب اللہ لبنان اور اس کے اتحاد کی کامیابی پر کہا کہ لبنانی عوام نے پارلیمانی انتخابات میں امریکہ اور اسرائیل کو کرارا جواب دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے آج صبح پارلیمنٹ کے عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و اسرائیل اور اس کے علاقائی اتحادیوں نے لبنانی انتخابات میں مداخلت کے سلسلے میں مال و زر اور ذرائع ابلاغ کے ذریعہ بہت زیادہ پروپیگنڈہ کیا لیکن لبنان کے غیورعوام نے ان کے تمام ناپاک عزائم کو اپنے ووٹ کے ذریعہ ناکام بنادیا ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو اب سمجھ لینا چاہئیے کہ علاقائی عوام کے خلاف سیاسی اور فوجی دباو کا وقت اب گذر گیا ہے اور مظلوم قوموں کا یہ کہنا ہے کہ اب دھونس اور دھمکی کی پالیسی نہیں چلے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اس وقت علاقے میں دو اہم تحریکیں جاری ہیں ایک غیر جمہوری تحریک ہے جس کی سربراہی امریکہ کی حمایت یافتہ ڈکٹیٹرکر رہے ہیں اور دوسری تحریک جمہوریت پر مبنی ہے جس کی طاقت عوام کے ہاتھ میں ہے اور جس کا اہم نمونہ لبنان کے پارلیمانی انتخابات اورتیونس میں شہری کونسلوں کے انتخابات اور عراق میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات ہیں۔
علی لاریجانی نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں نے دہشت گردوں کی بھر پور حمایت کی لیکن لبنانی عوام نے ان کے شوم منصوبوں کو رد کردیا اور بلا شک ایٹمی معاملے میں بھی امریکہ کی وعدہ خلافی کا نتیجہ بھی ایسا ہی نکلے گا۔
واضح رہے کہ لبنان کے پارلیمانی انتخابات میں حزب اللہ کے اتحاد کو بڑی کامیابی ملی اور پارلیمنٹ کی زیادہ سیٹیں حزب اللہ اور اس کی اتحادی جماعتوں نے حاصل کیں۔