May ۱۰, ۲۰۱۸ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • امریکہ کی خودپسندی کا مقابلہ کئے جانے پر ایران کی تاکید

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے حکومت امریکہ کی خودپسندی کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو جان لینا چاہئے کہ وہ تاوان ادا کئے بغیر کسی بین الاقوامی معاہدے سے باہر نہیں نکل سکتے۔

صدر مملکت  ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کی شام ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کی گیارہ رپورٹوں کے مطابق ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل رہی ہے مگر قابل افسوس بات یہ ہے کہ امریکہ نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اس بین الاقوامی معاہدے سے یکطرفہ طور پر باہر نکل گیا اور عالمی رہنماؤں سے ہماری یہی توقع ہے کہ وہ امریکی صدر کے اس اقدام کی مذمت کریں گے۔

ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ یورپی ملکوں خاص طور سے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے فریق ملکوں کے پاس اب وقت کم بچا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کا ازالہ اور اس سلسلے میں اپنے موقف کا اعلان کریں۔

انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم کے خلاف کسی بھی طرح کی پابندی اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس اکتّیس کے خلاف ہے۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ اپنے اس فیصلے میں خود شکست کھائے گا، ایٹمی معاہدے کے بارے مین ایران کے موقف کو سراہا اور کہا کہ ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لئے مذاکرات عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے لئۓ ضروری ہیں۔

ٹیگس