May ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان عدالتی تعاون بڑھانے پر زور

ایران کے ڈپٹی چیف جسٹس نے کہا ہے کہ تسلط پسند طاقتیں اسلامی ملکوں کی ترقی و پیشرفت روکنے اور ان کے درمیان اختلافات ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

تہران میں پاکستان کے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے ڈپٹی چیف جسٹس غلام حسین محسنی ایژہ ای کا کہنا تھا کہ تسلط پسند طاقتوں نے اسلامی ملکوں کی سلامتی کو نشانہ بنا رکھا ہے اوراس مقصد کے لیے وہ تکفیری سوچ اور دہشت گردی سے کام لے رہی ہیں۔
انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان عدالتی میدان میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہرقسم کی دہشت گردی، تکفیریت کے مقابلے نیز سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے، پاکستانی عدلیہ کے ساتھ تعاون کو تیار ہے۔
پاکستان کے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی نے پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنان اسلام،  اسلامی فرقوں کے درمیان پائے جانے والے تفاوت سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انسداد منشیات کے میدان میں تعاون کی ضرورت پر تاکید کی۔
ایران کا دورہ کرنے والے پاکستان کے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی نے اس سے قبل ایران کے وزیر انصاف علی رضا آوائی اور اٹارنی جنرل محمد جعفر منتظری سے بھی ملاقات کی تھی۔

 

ٹیگس