UF4 اور UF6 گیس کی پیداوار سے متعلق آئی اے ای اے کے نام ایران کا مراسلہ
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے نام مراسلے میں یو ایف فور اور یو ایف سکس گیس کی پیداوار کے لئے ضروری توانائی میں اضافہ کئے جانے کے اقدام سے باخبر کیا گیا ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے نام مراسلے میں باخبر کر دیا گیا ہے کہ ایران، یو ایف فور اور یو ایف سکس گیس کی پیداوار کے لئے ضروری توانائی میں اضافہ اور سینٹری فیوجل روٹر پلانٹ بنانے اور اسے اسمبل کرنے کا عمل شروع کرے گا۔یو ایف سکس گیس، سینٹری فیوج مشینوں میں قابل استعمال ایک گیس ہے۔ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے نیوز ایجنسی اسنا سے گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کی برسی کے پروگرام میں ایران کے انقلابی عوام کے عظیم الشان اجتماع سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے پیر کے روز کے خطاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی فرمان کے پیش نظر کہ جس میں آپ نے ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کو ایٹمی معاہدے کے دائرے میں ایک لاکھ نوّے ہزار سو کے لئے کام شروع کرنے کا پابند بنایا ہے، ایران کے اس ادارے کو اس سلسلے میں مختصر مدت میں تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے سے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے دائرہ کار میں ایٹمی سرگرمیاں ایک لاکھ نوے ہزار سو تک پہنچانے کے لئے ضروری اقدامات فوری طور پر انجام دے اور یہ کام جلد شروع کرے۔بہروز کمالوندی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے کے دائرے میں ایک لاکھ نوّے ہزار سو سے متعلق کام، روٹر اسپیننگ اور سینٹری فیوج مشینوں کی تیاری سے متعلق توانائی بڑھانے کے لئے تیز رفتاری سے کیا جانے والا کام ہے، کہا کہ توانائی میں یہ اضافہ، تیز رفتاری سے کام کے لئے ضروری اور بنیادی تیاری اور کارخانوں اور فیکٹریوں کے قیام کے مترادف ہے۔ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے اس سوال کے جواب میں کہ سیف گارڈ، ایڈیشنل پروٹوکول اور ایٹمی معاہدے کی سطح پر ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ ایران کے تعاون میں کیا کوئی تبدیلی آئے گی؟، کہا کہ اس سلسلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور ایران یہ سب کام بھی انجام دے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر فریق اگر ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرتے ہیں تو ایران بھی سینٹری فیوج مشینیوں کے بنانے کے عمل کو تیز کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔