Jun ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۴ Asia/Tehran
  • صدر مملکت کا دورہ چین

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ دنیا کے تمام ملکوں کو اس بات کو سمجھنا چاہئے کہ عالمی تعلقات کے سلسلے میں امریکہ کا رویہ بہت خطرناک ہے جس سے بین الاقوامی قوانین کمزور پڑتے جا رہے ہیں اس لئے امریکہ کے اس رویے کے مقابلے میں خاموش نہیں رہنا چاہئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر  ڈاکٹر حسن روحانی  جمعہ کے روز شنگھائی تعاون تنظیم کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے چین روانہ ہو گئے۔

صدر مملکت نے چین روانہ ہونے سے قبل تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے انعقاد کا محور علاقے کی سلامتی کے لئے تعاون و ہم آہنگی قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی اور استحکام ایسے مسائل ہیں جن پر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں گفتگو ہو گی اور ایران انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں اچھے تجربات رکھتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں امریکہ کے یکطرفہ اقدامات پر بھی بات کریں گے۔ امریکہ بلا وجہ اور غیرمنطقی طور پر عالمی معاہدوں سے نکل جاتا ہے جو نہ صرف عالمی برادری کی توہین ہے بلکہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی تعلقات کے سلسلے میں امریکہ کا رویہ خطرناک ہے جس سے بین الاقوامی قوانین کمزور واقع ہو رہے ہیں اس لئے امریکہ کے اس رویے کے مقابلے میں خاموش نہیں رہنا چاہئے۔

انہوں نے بڑی طاقتوں کی مداخلت کو علاقے میں بحران و بدامنی اور مسائل کی پیچیدگی کا باعث قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ خطے کے تمام پیچیدہ مسائل کا حل باہمی مذاکرات اور سیاسی طریقوں سے ممکن ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے  اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وہ اپنے دورہ چین میں اس ملک کے صدر سمیت روس، ہندوستان، پاکستان اور دیگر ملکوں کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، امید ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ علاقے کی سلامتی اور اجلاس میں شریک ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات کے لئے مفید واقع ہو گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس نو اور دس جون کو چین کے شہر چینگداؤ میں منعقد ہو رہا  ہے۔

علاقے میں امن و استحکام، انتہا پسندی، دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے خلاف مہم اور اسی طرح تعاون کی توسیع ایسے اہم مسائل و موضوعات ہیں کہ جن پر شنگھائی تعاون تنظیم کے اس سربراہی اجلاس میں گفتگو ہو گی۔

ٹیگس