Jun ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے ایران کا اعلان آمادگی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایک آزاد اور قابل اطمینان شریک ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے آمادہ ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز چین کے شہر چینداؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اٹھارہویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں زیادہ سے زیادہ امن و استحکام اور ترقی و پیشرفت نیز علاقائی منڈی کو پررونق بنانے کے لئے مفاہمت کی بنیاد پر علاقائی سطح کے مشترکہ دراز مدت مفادات پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ یکطرفہ پابندیوں سے بین الاقوامی قانونی تجارت کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ ایران کے صدر نے کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ سیاسی و اقتصادی یکطرفہ پسندی سے علاقائی یکجہتی پر بھی اثر پڑتا ہے اور وہ کمزور ہوتی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دوسروں پر اپنی پالیسیاں مسلط کرنے کے لئے امریکی کوشش ایک ایسا خطرہ ہے جو مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور امریکہ کی یکطرفہ پسندی اور عالمی برادری کے فیصلے کو اس کی جانب سے کوئی اہمیت نہ دیئے جانے کا حالیہ ایک نمونہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی ہے۔
انھوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے نتیجے میں دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے ملکوں پر خاصا اثر پڑا ہے اور دہشت گرد گروہ علاقے کے ملکوں کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کے فقدان سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو مضبوط و منظم کرنے میں سرگرم ہیں اور وہ نئے افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ گذشتہ عشروں کے دوران ایران کو ملک کے اندر اور اپنے اطراف کے علاقوں میں دہشت گردی کی لعنت کا سامنا رہا ہے اور اس نے انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں کو کمزور و کنٹرول کرنے میں گرانقدر تجربات حاصل کئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف مہم میں عراق اور شام کے ساتھ ایران کے تعاون کی طرف اشارہ کیا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے علاقے کے مسائل کے لئے اپنے مختلف طرح کے سودمند مشن کا اعلان کیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران انتہا پسندی، دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور منشیات کے خلاف مہم میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

ٹیگس