پابندیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں ہوسکتے، صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کرنے کا ٹرمپ کا مقصد ایرانی عوام کے خلاف نفسیاتی جنگ چھیڑنا ہے- انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پابندیوں کے ساتھ ساتھ مذاکرات کی پیشکش بے معنی اور فضول ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ٹیلی ویژن کے ذریعے ایرانی قوم سے براہ راست گفتگو میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو مذاکرات کی پیشکش کا مقصد در اصل ایرانی قوم کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کرنا اور امریکی کانگریس کے انتخابات سے فائدہ حاصل کرنا ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ٹرمپ کے مخاطب ایرانی عوام نہیں کیونکہ وہ عالمی جوہری معاہدے سے علیحدہ ہوگئے اوران کا مقصد ایرانی عوام کے درمیان نفسیاتی جنگ شروع کرنا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ پابندیوں کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش بے معنی ہے اور آج وہ شخص مذاکرات کا دعوی کررہا ہے کہ جس نے خود مذاکرات کی میز کو چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بعد امریکہ خود سنگین مشکلات سے دوچار ہوگیا ہے کہا کہ ٹرمپ نے ایران کو مذاکرات کی پیشکش سے اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بہتر کرنے کی تگ و دو کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے آپ کو ایرانی قوم کا خیرخواہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔
صدر حسن روحانی نے ایرانی قوم کی جانب سے امریکی حکام کے متضاد اقدامات اور بیانات کو کوئی اہمیت نہ دئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کے تجربے نے ثابت کردیا ہے کہ امریکی حکام نےایرانی قوم کو نقصان پہنچانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ جو بھی مذاکرات کا خواہاں ہے اسے جان لیناچاہئیے کہ مذاکرات کےلئے پہلی شرط صداقت ہے لیکن ہمارے مد مقابل وہ ہے جو کسی بھی عالمی معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا جس کی مثال پیرس کا تجارتی معاہدہ اور جوہری معاہدہ ہے جس سے امریکہ مذاکرات کئے بغیر علیحدہ ہوگیا بنابریں ایسے شخص کے ساتھ مذاکرات فضول ہیں۔
ایران کے صدر نے تہران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ اور غیر قانونی نئی پابندیوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بالخصوص اقتصادی مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی حکومت کی پالیسی کی تشریح کرتے ہوئے ایرانی قوم کو یقین دلایا کہ ایران کی حکومت، عدلیہ، پارلیمنٹ اور اپنی قوم کی مدد و تعاون سے اقتصادی مسائل و مشکلات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ امریکی پابندیوں کو ناکام بنا دے گی۔