امریکہ دنیا کے ناقابل اعتماد ملک میں تبدیل ہوگیا ہے، صدر ایران
صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کا ناقابل اعتماد ملک میں تبدیل ہوگیا
بدھ کے روز تہران میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران امریکی رویئے نے واشنگٹن کو دنیا کے ایسے ملک میں تبدیل کردیا ہے جس پراطمینان اور اعتماد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ ملک اپنے کسی بھی وعدے کا پابند نہیں ہے۔صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جزیرہ نمائے کوریا میں پائیدار امن کا قیام ایران کی دیرینہ آرزو ہے اور اس علاقے کی تبدیلیاں تہران کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ بہت سے حساس معاملات میں ایران اور شمالی کوریا کے موقف میں ہماہنگی رہی ہے اور دونوں ممالک عالمی اداروں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کرتے رہے ہیں۔ایران کے صدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں دوست ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور عالمی اداروں میں ایک دوسرے کی حمایت کی ضرورت ہے۔شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی اور ایران کے خلاف پابندیاں دوبارہ عائد کیے جانے کو واشنگٹن کی غلطی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے سنگاپور میں شمالی کوریا کے رہنما اور امریکی صدر کی حالیہ ملاقات کے بارے بھی صدر ایران کو آگاہ کیا اور یہ بات زور دے کر کہی کہ تہران کے ساتھ تعلقات کا فروغ پیانگ یانگ کے لیے بے انتہا اہمیت رکھتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایران کا دورہ کرنے والے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری ہونگ ھو نے منگل کی شام تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد جواد ظریف سے ملاقات کی تھی۔