Aug ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۳:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کو ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ کی قیمت چکانی پڑے گی

ایران کے دارالحکومت تہران میں ہونے والی نماز عید الاضحی کے امام آیت اللہ خاتمی نے کہا ہے کہ امریکہ کو معلوم ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ امریکی جنگ چھڑنے کی صورت میں نہ فقط اس کی قیمت امریکہ کو بلکہ اس کے اتحادیوں کو بھی چکانی پڑے گی ۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں آج ہونے والی نماز عید الاضحی کے امام آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے ایرانی قوم نے گزشتہ 40 سالوں سے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ تھکنے والی نہیں بلکہ وہ اپنے دشمن کو تھکادے گی اور دشمنوں کو شکست سے دوچار کریں گے۔

عید الاضحی کے خطیب نے تہران میں نماز عید الاضحی میں شریک ہزاروں افراد کے اجتماع میں مزید کہا کہ دشمنوں کی کوشش ہے کہ مسلمانوں کے مابین تفرقہ ایجاد کیا جائے تا کہ اس طرح وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہر جا‏ئیں ۔.

آیت اللہ خاتمی نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی عوام وحدت اور ولایت پر کاربند ہیں اور انشااللہ اپنے دشمنوں کو مزاحمت اور ثابت قدمی سے شکست دیں گے۔

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے سے متعلق رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے وقت سے ہی ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کرنے کے درپے تھے جس میں انھیں ابھی تک ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور وہ اپنی یہ خواہش اپنی قبر میں لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ہرگز مذاکرات نہیں چاہتا بلکہ اس کا مقصد ایران پر آمریت مسلط کرنا اور اپنی ہی خواہشات کو منوانا ہے. اس لئے کہ امریکہ ایران کی علاقائی اور میزائلی طاقت و توانائی سے واقف ہے۔

.

ٹیگس