امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے دم چھلوں کے سوا ایران کا کوئی دشمن نہیں، صدر مملکت
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس وقت امریکہ، غاصب صیہونی حکومت اور ان کے دم چھلوں کے سوا ایران کا کوئی دشمن نہیں، تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے عوام کے اتحاد و یکجہتی سے دشمنوں پر غلبہ پا لے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز تہران میں چودہویں شہید رجائی فسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایرانی عوام امریکی دباؤ کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے، اور ایرانی قوم وائٹ ہاؤس میں براجمان ایک گروہ کے دباؤ کے مقابلے میں جو خود بھی نہیں جانتا کہ کیا کہتا اور کیا کرتا ہے اور جو سب کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہرگز مرعوب نہیں ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کا یہ گروہ نہ صرف ایران کے اسلامی جمہوری نظام بلکہ امریکہ کے روائتی و قدیم دوست ملکوں اور ان ملکوں سے بھی جو امریکہ کے ساتھ گہرے اقتصادی تعلقات رکھتے ہیں، خصومت و دشمنی برت رہا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی، ایک جانب ایرانی عوام پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور دوسری جانب مختلف طریقوں سے مذاکرات کا پیغام دے رہے ہیں اس رو سے وہ دوہرے معیار پر گامزن ہیں۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج کا دور، اقتصادی اور پروپیگنڈہ جنگ کا دور ہے۔