رہبر انقلاب اسلامی: تسلط پسند طاقتوں کی بے چینی کی وجہ ، غیر منصفانہ نظام کے سامنے ایران کی استقامت ہے
رہبر انقلاب اسلامی نے یورپ میں اسلامی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشنز کی یونین کے سالانہ اجلاس کے شرکاء کے لئے اپنے پیغام میں تسلط پسند طاقتوں کی تشویش کی اصل وجہ بیان کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی نے یورپ میں اسلامی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشنز کی یونین کے سالانہ اجلاس کے شرکاء کے لئے ایک پیغام میں فرمایا ہے کہ " فاسد منہ زور طاقتوں کی پریشانی کی وجہ، عالمی سطح پر غیر منصفانہ نظام کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کی جد و جہد ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یورپ میں اسلامی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشنز کی یونین کے 59 ویں سالانہ اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نوجوانوں کی قربانی و ذہانت و شجاعت کی وجہ سے امریکہ اور علاقے میں اس کے ناسور کی جانب سے بھاری حملے کی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ فاسد و فساد پھیلانے والی تسلط پسند طاقتوں کی پریشانی کی اصل وجہ ، ایٹمی امور نہيں ہیں بلکہ اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے غیر منصفانہ اور دنیا پر تسلط قائم کرنے کے لئے تیار نظام کے خلاف اور قومی و عالمی سطح پر منصفانہ نظام کو لانے کے لئے پرچم بلند کر رکھا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن یہ ہے:
بسم الله الرّحمن الرّحیم
پیارے نوجوانو!
اس سال آپ کے ملک نے ایمان، اتحاد اور خود اعتمادی کے بل بوتے پر دنیا میں ایک نیا وقار اور اعتبار پایا ہے۔ اس خطے میں امریکی فوج اور اس کے ذلیل اتحادیوں کی بھاری جارحیت، اسلامی جمہوریہ ایران کے نوجوانوں کے تخلیقی انداز، بہادری اور قربانی کے سامنے شکست کھا گئی۔ یہ ثابت ہو گیا کہ ایرانی قوم اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر، ایمان اور نیک اعمال کے سائے میں فاسد و ظالم متکبروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہو سکتی ہے اور اسلامی اقدار کی دعوت دنیا تک پہلے سے زیادہ بلند آواز میں پہنچا سکتی ہے۔
ہمارے بعض سائنسدانوں، کمانڈروں اور پیارے عوام کی شہادت کا گہرا غم ہمارے بلند ہمت ایرانی نوجوانوں کو روک نہیں سکا ہے اور نہ ہی روک پائے گا۔ ان شہیدوں کے اہل خانہ خود اس تحریک میں پیش قدم ہیں۔
بات جوہری مسئلے یا اس جیسی چیزوں کی نہیں ہے۔ بات آج کی دنیا میں غیر منصفانہ نظام اور استعماری تسلط کے مقابلے کی ہے ۔ مسئلہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اسلامی انصاف پر مبنی نظام کی طرف رجوع کا ہے۔ یہی وہ عظیم مشن و دعوت ہے جس کا پرچم اسلامی جمہوریہ ایران نے بلند کیا ہے اور جس کی وجہ سے فاسد و مفسد تسلط پسندوں کی نیند حرام ہو گئی ہے ۔
آپ طلبہ خاص طور پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ، اس عظیم ذمہ داری میں کردار کے حامل ہیں۔ اپنے دلوں کو اللہ کے حوالے کریں، اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، اور اپنی ایسوسی ایشن کو اسی سمت آگے بڑھائيں۔
خدا آپ کے ساتھ ہے اور انشاءاللہ مکمل کامیابی آپ کا انتظار کر رہی ہے۔
سیّدعلی خامنهای
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel