ایٹمی معاہدے کے زوال کی صورت میں ایران کا ایٹمی پروگرام تیزی سے آگے بڑھے گا، تہران
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ اگر ایٹمی معاہدہ شکست سے دوچار ہوتا ہے تو اس کے نتائج سخت ہوں گے اور ایران ماضی سے کہیں زیادہ توانائی کے ساتھ اپنے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھائے گا۔
انھوں نے ایسو شی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے باہر نکلنے کے ٹرمپ کے فیصلے نے امریکہ کو شکست سے دوچار کر دیا۔
علی اکبر صالحی نے ایٹمی معاہدے کے جاری رہنے کے بارے میں امید ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران کے جوہری سائنسدانوں کے خلاف کسی بھی طرح کا حملہ سخت نتائج کا حامل ہو گا۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ٹرمپ ہارے ہوئے امریکی صدر ہیں اس لئے کہ وہ منھ زوری کی پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں اور وہ سوچ رہے ہیں کہ اس پالیسی کو وہ جاری رکھ سکتے ہیں جبکہ ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایٹمی معاہدے سے نکل کر وہ کچھ فائدہ نہیں اٹھا سکے ہیں۔
اس سے قبل انھوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی ہدایات پر جدید قسم کی سینٹری فیوج مشینیں تیار کئے جانے کی بھی خبر دی تھی۔