Sep ۲۹, ۲۰۱۸ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
  • سعودی حکومت دہشت گردی کا سرچشمہ ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سعودی حکومت کو دنیا میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے فروغ کا اصل ذمہ دار قرار دیا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ایران مخالف بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ اس خطے اور پوری دنیا کو نگلنے والی دہشت گردی کا سرچشمہ سعودی عرب کے سوا کوئی اور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی مالی اور نظریاتی حمایت سے پھیلنے والے انتہا پسندانہ نظریات ہی خطے اور دنیا میں دہشت گردی کے فروغ کا سبب بنے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے دنیا میں کثیر قطبی نظام کے خلاف امریکی صدر کی اسٹریٹیجی اور ان کی جانب سے عالمی معاہدوں کی پامالی کی کھل کر حمایت کرنا کوئی عجیب بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت، صیہونی لابی کے ساتھ مل کر ہزاروں ڈالر خرچ کر کے امریکہ کی نیلام ہونے والی خارجہ پالیسی کو خطے میں جنگ بھڑکانے اور عدم استحکام کی جانب لے جانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن میں انسانی المیے اور جنگ کے ذمہ دار ملک کا وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناجائز فائدہ اٹھا تے ہوئے انتہا پسندی، دشمنی، تشدد اور جنگ کا بگل بجا رہا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے بیانات سے اس ماحول اور سوچ کی نشاندہی ہوتی ہے کہ جس میں انہوں نے اور آل سعود خاندان نے پرورش پائی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے بولتے ہوئے ایران پر مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا اور تہران کے خلاف امریکی پالیسیوں کی کھل کر حمایت کی تھی۔

ٹیگس