یورپ کو ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کو متاثر کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہناجاہئیے
اسلامی جمہوریہ ایران نے یورپی حکمراتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران اور یورپ کے تعلقات کے مخالف تیسرے فریق کو نئی سازش کرنے کی اجازت نہ دیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے فریق ایران اور یورپ کے تعلقات کو خراب کرنے کے لئے نئے حربوں کا استعمال کررہے ہیں لہذا یورپ حکومتوں کو اس مسئلے پر خبردار رہنا ہوگا.
انہوں نے ڈنمارک کے بعض سیاستدانوں کے ایران مخالف بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تشدد اور دہشتگردی جیسے اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے اورہم اس لعنت سے بہت متاثر بھی ہوئے اور اسے ختم کرنے میں بے پناہ قربانیاں بھی دی ہیں.
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود اکثر یورپی کمپنیوں نے ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا، دونوں فریقین نے اس حوالے سے موثر مذاکرات بھی کئے دوسری جانب امریکہ، ناجائز صہیونی ریاست اور خطے میں بعض ممالک ہی اس عمل کے مخالف ہیں کیونکہ وہ ایران اور یورپ کے تعلقات میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ میں اضافہ کیا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ پابندیوں کے دوسرے مرحلے میں ایران اور یورپ کے تعلقات متاثر ہوں.
بہرام قاسمی نے حکومت ڈنمارک کی جانب سے دہشتگردی سے متعلق ایران کے خلاف نام نہاد دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ڈینش حکام اور سیاستدانوں کو تجویز دی ہے کہ وہ جھوٹی کہانیوں پر یقین نہ کریں بلکہ زمینی حقائق کو سامنے رکھیں۔