Nov ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • امریکی پابندیاں وائٹ ہاؤس کی اخلاقی اور سیاسی پستی کو ظاہرکرتی ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران کے خلاف واشنگٹن کی دوبارہ پابندیوں نے امریکی انتظامیہ کی اخلاقی اور سیاسی پستی کو برملا کردیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے اس اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ ایران اپنے دوست ملکوں کے تعاون اور اپنی داخلی اور بین الاقوامی توانائیوں اور صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عقل و تدبیر کے ذریعے امریکا کی غیر قانونی پابندیوں کو بے اثر بنادے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ایران کے خلاف امریکا کی نئی پابندیوں سے گذشتہ چھے مہینے سے جاری پابندیوں کی نسبت عملی اعتبار سے ایران کی معیشت کو کسی حدتک نقصان پہنچےگا لیکن یہ پابندیاں امریکی انتظامیہ کی اخلاقی اور سیاسی پستی کو ظاہر کرتی ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران مخالف پابندیاں ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے منافی، عالمی عدالت انصاف کے حکم کی خلاف ورزی اور دنیا کے تقریبا سبھی ملکوں کی خواہشات سے ٹکراؤ نیز انسانی، قانونی اور اخلاقی اصولوں سے بے توجہی  کے مترادف ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ  ایران مخالف امریکی پابندیوں نے ایک بارپھر عالمی برادری خاص طورپر امریکا کے اتحادی ملکوں پر یہ ثابت کردیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نہ صرف یہ کہ بین الاقوامی قواعد و ضوابط کو کوئی اہمیت نہیں دیتی بلکہ دیگر ملکوں کو بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی پابندی کرنے کی بنا پر تادیبی کارروائیوں کا نشانہ بناتی ہے، اور امریکا کی ان تادیبی کارروائیوں کا حتی اس کے دوست اور اتحادی ممالک بھی نشانہ بنتے ہیں۔

ٹیگس