بازیاب ہونے والے پانچ ایرانی سیکورٹی اہلکار وطن واپس پہنچ گئے
گزشتہ ماہ پاکستان ایران سرحدی علاقے میرجاوہ سے دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے بارہ ایرانی سرحدی سیکورٹی اہلکاروں میں سے رہائی پانے والے پانچ اہلکار وطن واپس پہنچ گئے۔
پاسداران انقلاب کی بری فوج کے جاری کردہ بیان مطابق ایران کی کوششوں اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے تعاون کے بعد پانچ اغوا شدہ سیکورٹی اہلکاروں کو دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا گیا۔
آزاد ہونے والے ایرانی اہلکار گزشتہ رات وطن واپس پہنچ گئے ہیں جہاں ایرپورٹ پر اعلی حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔
پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق تمام اغوا شدہ ایرانی اہلکاروں کی بحافظت رہائی کو یقینی بنایا جائے گا تاہم حتمی اقدامات کے لئے وقت درکار ہے اور اس مقصد کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ آزاد ہونے والے پانچ ایرانی سیکورٹی اہلکار حکومت پاکستان کی تحویل میں ہیں۔
واضح رہے کہ پندرہ اکتوبر کو ایران کی میرجاوہ سرحد پر زیروپوائنٹ علاقے سے انقلاب مخالف شرپسند و دہشت گرد عناصر نے بارہ ایرانی سرحدی سیکورٹی اہلکاروں کو اغوا کر کے پاکستان منتقل کر دیا تھا۔