Nov ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۳:۰۱ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے وحدت اسلامی اور اسلامی بیداری کی تحریک کی تقویت کی ضرورت پر تاکید فرمائی ہے۔

رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اتوار کو ملک کے اعلی حکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مندوبین نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوات والسلام کے یوم ولادت باسعات کی مبارکباد پیش کی۔

آپ نے فرمایا کہ دنیا جہالت کی تاریکیوں میں غرق تھی کہ خداوند عالم نے بشریت کو نور رسول اسلام کا تحفہ دیا۔ آپ نے فرمایا کہ آج بھی اگر اس نور کی پیروی کی جائے تو اس کا نتیجہ نجات اور کامیابی کی شکل میں ظاہر ہو گا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر انسانیت فکری بلوغت کو پہنچ جائے اور پیغمبر اسلام ص کی دعوت پر لبیک کہے تو اس کی ساری مشکلات و مسائل حل ہو جائیں۔
آپ نے فرمایا کہ آج بھی سامراجی طاقتوں کے ظلم کی وجہ سے دنیا قبل از اسلام کے دور کی مانند تاریکیوں میں گرفتار ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بشریت مشکلات و مسائل میں گرفتار ہے اور یہ بات صرف اسلامی دنیا سے مخصوص نہیں ہے بلکہ وہ ممالک بھی جو بظاہر ترقی یافتہ ہیں، بہت زیادہ مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں اور اسلام ان تمام مشکلات و مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ جس جگہ بھی عوام کے دلوں پر اسلام نے حکمرانی کی ہے وہاں سامراجی طاقتوں کو منھ کی کھانی پڑی ہے۔
آپ نے فرمایا ہمیں یقین ہے کہ اس خطے میں سامراج کو ایک بار پھر اسلامی بیداری سے منھ کی کھانی پڑے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خطے کی نجات، اسلامی بیداری کی تقویت میں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ میں تمام مسلم اقوام سے اپیل کرتا ہوں کی اسلامی بیداری کی تحریک کی زیادہ سے زیادہ تقویت کریں۔

 

ٹیگس