امریکی پابندیاں ایران پر اثر انداز نہیں ہو سکتیں: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں تہران کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتیں۔
دوحہ عالمی فورم کے موقع پر اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی پابندیوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمنوں نے عام لوگوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے لیکن وہ تہران کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کرا سکے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کر کے تشدد اور بدامنی کا بیج بونے کی ناکام کوشش کی ہے لیکن آج ایران اور ای تھری پلس ٹو ممالک، ایک دوسرے کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ، دوحہ عالمی فورم میں شرکت کے لیے ان دنوں قطر کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے اس ملک کے وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن ناصر آل ثانی اور وزیر خارجہ عبدالرحمان آل ثانی کے علاوہ ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ہے۔