پومپیو کے بیان پر ایران کے وزیر خارجہ کا سخت ردعمل
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے میزائل تجربات اور خلائی پروگرام کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے دعوے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے جاری بیان کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے امریکی ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا خلائی سیارچہ چھوڑنا اور میزائل تجربات کرنا، سلامتی کونسل کی قرار داد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی نہیں ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی قرار داد بائیس اکتیس کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور اسے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں رائے دینے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے امریکی حکام کو یاد دہانی کرائی کہ خطرات سے خطرات جنم لیتے ہیں بالکل اسی جیسے احترام سے احترام پیدا ہوتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ ایران سیٹلائٹ لانچنگ کے لیے بین البراعظمی میزائلوں جیسی ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے اور ایران کو سیٹلائٹ لانچر بنانے کا حق نہیں ہے۔
مائک پومپیو نے اپنے دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش کیے بغیر کہا کہ ایران کا راکٹ خلا میں بھیجنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کے خلائی پروگرام کے بارے میں قرارداد تو کجا ایک بیان بھی جاری نہیں کیا ہے۔
یورپی ممالک نیز روس اور چین بڑی صراحت کے ساتھ امریکی دعوے اور اس معاملے سے منفی نتیجہ اخذ کیے جانے کی کوشش کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈیئرجنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیاں بالکل بے اثر ہیں اور اسکی فوجی طاقت فرسودگی کا شکار ہو چکی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ امریکہ میں سیاسی دانشمندی رو بہ زوال ہے اور وہ چالیس برس پہلے کی طرح مربوط سیاسی پالیسیاں بنانے پر قادر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کی توقعات کے برخلاف خطے کے مسلمانوں کے خلاف امریکی اقدامات کا نتیجہ، مسلمانوں کے درمیان دوستی اور اتحاد کی تقویت کا سبب بنا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ خطے میں اٹھنے والی عوامی تحریکوں نے امت مسملہ کے پیکر میں جہادی جذبہ بیدار اور اسلامی ملکوں کو متحد ہونے کی سوچ عطا کی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکہ نے ملت ایران کے خلاف جتنی بھی سازشیں کیں وہ سب کی سب ناکام رہیں اور اسے ایرانی عوام کے مقابلے میں پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔