Jan ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۸ Asia/Tehran
  • ایران کے عوام اپنی میزائل توانائی پر فخر کرتے ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ میزائل توانائی آج ایران کا دفاعی ہتھیار ہے اور ایرانی عوام اس پر فخر کرتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تشخیص مصلحت نظام کونسل کے مرحوم سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت کی دوسری برسی کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتوں کے دوران ایران کے بنائے ہوئے میزائلوں سے دو نئے سیارے خلا میں بھیجے جائیں گے- 

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام نے ایٹمی معاہدہ کر کے ایک بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے اور اس معاہدے نے ایک دن میں ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی چھے قراردادوں کو ختم کر دیا-

صدر ایران نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران پر مسلط کی گئی جنگ صرف ایرانی علاقوں پر قبضہ کرنے کے لئے ایک فوجی جنگ نہیں تھی، کہا کہ ایرانی عوام پر آٹھ سالہ جنگ مسلط کرنے کا اسلامی انقلاب کے دشمنوں  کا مقصد اس انقلاب کے آفاقی ہونے کو روکنا تھا-

انہوں نے ایران کی آج کی دفاعی اور سائنسی طاقت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن پوری طاقت کے ساتھ ایران پر سیاسی اور اقتصادی دباؤ ڈالنے کے لئے میدان میں اترے ہیں البتہ باہمی اتحاد، صبر و ہمت اور حوصلے کے ذریعے اسلامی انقلاب کے اس راستے کی حفاظت کی جا سکتی ہے اور اس کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مرحوم آیت اللہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی خواہش و آرزو اسلامی جمہوری نظام اور ایران کی سربلندی تھی-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام آج بھی اسی مقصد کے حصول  کے لئے کوشاں ہیں  اور اس راستے پر گامزن ہیں-

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کا نام ایران کی عزت و سربلندی کے ساتھ ہی  جڑا رہے گا -

یاد رہے کہ نو جنوری دو ہزار سترہ کو آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کا حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا تھا-

ٹیگس