ایران: اصفہان میں ایران کی فضائی مشقوں کا آغاز
ایران میں فضائیہ کی مدافعان ولایت کے عنوان سے آٹھویں مشقوں کا اصفہان میں آغاز ہو گیا۔
ایران کی فضائیہ کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیر حمید واحدی نے جمعرات کی صبح فضائیہ کی مدافعان ولایت آٹھویں دو روزہ مشقوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں کے پہلے روز ایران کے ایف پانچ اور صاعقہ طیاروں نے فرضی دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور انھیں تباہ کر دیا۔ انھوں نے ان مشقوں کا مقصد دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنا قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں مختلف مرحل انجام پائیں گے جن میں پہلی بار ایران کی فضائیہ کے ڈرون جنگی طیاروں کو استعمال کیا جائے گا جن میں اسمارٹ بم اور بالکل ٹھیک اہداف کو نشانہ بنانے والے میزائل سے حملہ کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ ڈرون طیارے مکمل طور پر ایرانی ماہرین کے ذریعے تیار کئے گئے ہیں جنھیں دشمن کی فضائی توانائی کے مقابلے میں زیادہ برتر ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے۔