Jan ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
  • سوئزرلینڈ کے سفیر کی ایران کے دفتر خارجہ میں طلبی

ایران نے تہران میں امریکی مفادات کے نگہبانی کرنے والے سوئزر لینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے پریس ٹی وی اینکر اور رپورٹر مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ایرانی شہری اور پریس ٹی وی اینکر و رپورٹر مرضیہ ہاشمی کی امریکہ میں گرفتاری طول پکڑ جانے کے پیش نظر منگل کے روز تہران میں امریکی مفادات کے نگہبان، سوئزر لینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے ایران کے احتجاج سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے سوئزرلینڈ کے سفیر کو سوپنے جانے والے مراسلے میں پریس ٹی وی کی رپورٹر اور اینکر کی گرفتاری اور امریکی سیکورٹی اہلکاروں کے ناروا سلوک پر سخت احتجاج کیا گیا۔
مراسلے میں مرضیہ ہاشمی کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
احتجاجی مراسلے میں امریکی سیکورٹی اہلکاروں کے ناروا سلوک پر امریکی حکام کی خاموشی کو بین الاقوامی ضابطوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورز قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت امریکہ کو اس شرمناک فعل پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔
 تہران میں مقیم سوئزرلینڈ کے سفیر مارکوس لائٹنر نے اس موقع پر کہا کہ وہ حکومت امریکہ کو فوری طور پر ایران کے احتجاج سے آگاہ اور اس کے نتائج سے ایران کی وزارت خارجہ کو باخبر کریں گے۔
 قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی وفاقی پولیس ایف بی آئی نے ایران کے معروف نیوز چینل پریس ٹی وی کی اینکر اور دستاویزی فلم بنانے والی پروڈیوسر مرضیہ ہاشمی کو اس وقت گرفتار کر لیا جب تیرہ جنوری کو اپنے بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملنے کی غرض سے امریکہ پہنچی تھیں۔

ٹیگس