Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • اسلامی انقلاب کا چالیسواں جشن، عالمی رہنماؤں کے تہنیتی پیغامات

اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں اور رہنماؤں کی جانب سے ایران کے اعلی حکام اور عوام کے نام تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلامی انقلاب  کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر روحانی کے نام مبارکبادی کا پیغام ارسال کرکے ایران کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔

قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی قنا نے خبردی ہے کہ امیر قطر کے ساتھ ساتھ قطر کے ولیعہد عبداللہ بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم عبداللہ بن ناصر آل ثانی نے بھی الگ الگ تہنیتی پیغامات ارسال کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، حکومت اور ایرانی عوام کو جشن انقلاب کی مبارکبادپیش کی ہے۔

لبنان کے صدر میشل عون نے بھی بیروت میں وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف سے ملاقات میں ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایرانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اس سے پہلے اتوار کو عمان کے سلطان قابوس نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو مبارکبادی کا پیغام ارسال کرکے انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے بھی اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے کابل میں منعقدہ ایک جشن میں شرکت کرکے ایران کے عوام اور حکومت کو مبارکبادپیش کی۔ اس مناسبت سے دنیا کے دیگر ملکوں کے سربراہوں اور رہنماؤں کے بھی تہنیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

ٹیگس