Feb ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • پاک و ہند کے ذرائع ابلاغ میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کا انعکاس

پاکستان و ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں ایران کے اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کی ریلیوں اور تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے روزنامہ جنگ کی شہ سرخی، انقلاب ایران کی 40ویں سالگرہ

ایران بھر میں انقلاب ایران کی 40ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، اس  موقع پر ملک بھر میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

انقلاب کی 40ویں سالگرہ کی تقاریب میں قومی اُمنگوں، نظریات، قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد کے پیغامات نمایاں ہیں۔

روزنامہ دنیا کی سرخی، امریکا اسلامی انقلاب کو شکست دینے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، روحانی

ایران کے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے دارالحکومت تہران میں عظیم الشان تقریب کا اہتمام ہوا جس سے صدر روحانی نے خطاب کیا۔

ایران کے اسلامی انقلاب کے چالیس سال مکمل ہوگئے، مرکزی تقریب دارالحکومت تہران میں آزادی اسکوائر میں ہوئی۔ تقریب میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جن سے ایرانی صدر حسن روحانی نے خطاب کیا، ان کا کہنا تھاکہ امریکا اسلامی انقلاب کو شکست دینے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

گیارہ فروری 1979کو امام خمینی کی سربراہی میں ایرانی قوم نے شاہ ایران کی بادشاہت کا خاتمہ کردیا تھا۔

اور اب ہندوستانی ذرائع ابلاغ

یو این آئی اور ای 18 کی سرخی، ایران اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو جاری رکھے گا: حسن روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر پیر کے دن ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو میزائل بنانے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت ایران۔ عراق جنگ کے زمانے کے مقابلہ میں کہیں زیادہ ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پورے ملک میں 11 فروری کو انقلاب اسلامی کی 40 سالہ سالگرہ کے موقع پر بڑی ریلیوں سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ دشمنوں کی ماضی میں کی گئی برسوں کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔

صدر روحانی نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ سامراجی طاقتوں اور ان پر انحصار سے چالیس سال قبل ایرانی قوم نےآزادی حاصل کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دشمن اپنے شیطانی اہداف کبھی حاصل نہیں کرسکیں گے۔ گزشتہ چار عشروں سے جس طرح ہمارا سفر جاری ہے وہ مسلسل جاری رہے گا۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر سے شائع ہونے والے اخبار کشمیرعظمی کی سرخی

ایران فوجی طاقت میں توسیع جاری رکھے گا:حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پرایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کے اعتقاد،جہاد کی روایت، شہادت اور قربانی ہمارے لئے اسلامی انقلاب اور دفاع مقدس کی بڑی کامیابی ہے ۔ صدر روحانی نے کہا کہ آج ساری دنیا جانتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت ایران۔عراق جنگ کے مقابلہ میں کہیں زیادہ ہے ۔آج ہماری فوج مختلف طرح کے ہتھیاروں اور گولہ باردوں میں خودکفیل ہے ۔آج 85 فیصد ہتھیار اور گولہ بارود کی پیداوار ہماری فوج کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فضائی دفاع، ائیر ڈیفنس، زمین سے سمندر، سمندر سے سمندر اور سطح سے سطح میزائلیں بنانے کی کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے ۔

علاقائی امور میں ایران کے تعمیری کردارکے بارے میں حسن روحانی نے کہا کہ جب ایران نے عراق،شام، لبنان، فلسطین اور یمن کے عوام کی مدد کا فیصلہ کیا ، تو ساری دنیا نے دیکھا کہ دشمن کامیابی حاصل نہیں کرسکا اور اب وہ علاقے چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کررہا ہے ۔

 

ٹیگس